تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف اورصرف کرکٹ کے لیے کام کرنا ہے اورہم سب مل کریہ کر سکتے ہیں، محسن نقوی

جمعرات 24 جولائی 2025 19:06

تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف اورصرف کرکٹ کے لیے کام کرنا ..
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے کہاہے کہ تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف کرکٹ کے لیے کام کرنا ہے اور ہم سب مل کر یہ کر سکتے ہیں۔صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے بنگلہ دیش میں المناک فضائی حادثے میں31 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ جاں بحق افراد کے لواحقین، بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو حالیہ سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، بنگلہ دیش میں پہلی بار ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ جنرل اجلاس ہو رہا ہے اور اکثر ممبران ڈھاکہ میں موجود ہیں،بہترین انتظامات و مہمان نوازی پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین السلام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اے سی سی سالانہ جنرل اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام ممبرز کا شکریہ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف کرکٹ کے لیے کام کرنا ہے، پوری امید ہے کہ ہم سب مل کر یہ کر سکتے ہیں،ایک دوسرے کو مضبوط کرنا ہو گا، چاہتے ہیں کہ تمام ایسوسی ایٹ ممبران کی ٹیمیں مضبوط ہوں،اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے آپ کو یقین دلاتا ہوں جو کچھ بھی ضروری ہوا ہم کریں گے تاکہ یہ ادارہ ایشیا میں کرکٹ کا سب سے طاقتور ادارہ بن سکے،کرکٹ کے کھیل کو ایشیا کے ان ممالک تک پھیلانا ہے جہاں کرکٹ نہیں ہوتی اور یہ سب کچھ ہمیں بطور ٹیم کرنا ہے۔