بین ڈکٹ بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں نروس نائنٹیز کا شکار

جمعہ 25 جولائی 2025 13:32

بین ڈکٹ بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں نروس نائنٹیز کا شکار
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) انگلینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز بین ڈکٹ بھارت کی کرکٹ ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے مانچسٹر میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میچ میں نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور وہ 6 رنز کے فرق سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹرمیں انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے روز بین ڈکٹ نے زیک کرئولی کے ساتھ ملکر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مہمان ٹیم کے بائولرز کی ایک نہ چلنے دی ۔

دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ پر166رنز کی پارٹنر شپ کا آغاز فراہم کرتے ہوئے بھارتی بائولرز کی خوب مزاحمت کی ۔

(جاری ہے)

بین ڈکٹ انگلینڈ کے دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 100گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف آزادانہ اور دلکش اسٹروکس کھیلے اور 13خوبصورت چوکوں کی مدد سے 94رنز بنائے ۔30سالہ بین ڈکٹ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور وہ 6رنز کے فرق سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل نہ کر سکے ۔ بین ڈکٹ کو 37ٹیسٹ 25ایک روزہ اور20ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے ۔ بین ڈکٹ کو 94کے انفرادی سکور پر انشول کمبوج نے دھرو جورل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔\932