بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا

جمعرات 24 جولائی 2025 21:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں کامیابی کا مجموعی تناسب 73.81 فیصد رہا۔ امتحان میں 93,587 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 69,072 کامیاب قرار پائے۔سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی کامیابی 75.65 فیصد جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی کامیابی 58.11 فیصد رہی۔

ضلع سرگودھا کا کامیابی تناسب 74.93، میانوالی 70.79، خوشاب 73.35 اور بھکر 74.78 فیصد رہا۔پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں پہلی پوزیشن پر لیپ ٹاپ، گولڈ میڈل اور نقد انعام دیا گیا۔ دوسری اور تیسری پوزیشنز پر سلور، براؤن میڈلز اور انعامات دیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان تھے جنہوں نے کمپیوٹر بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن جاری کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کامیاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن مروا سہیل دختر سہیل احمد نے حاصل کی، جنہوں نے دارِ ارقم ماڈل گرلز ہائی اسکول سرگودہا کی طالبہ ہوتے ہوئے 1187 نمبر حاصل کیے۔دوسری پوزیشن محمد سراج خان ولد محمد خالد نے حاصل کی، جو گورنمنٹ ہائی اسکول کمر مشانی میانوالی کے طالبعلم ہیں، انہوں نے 1186 نمبر حاصل کیے۔

تیسری پوزیشن تین طلباء نے مشترکہ طور پر حاصل کی جن میں محمد اسد جاوید ولد جاوید اقبال، محمد مبین ارشد ولد محمد ارشد اقبال (دونوں گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول، بھکر کے طالبعلم) اور منیب الرحمن ولد محمد عمران ملک (دارِ ارقم بوائز ہائی اسکول، سلانوالی سرگودہا) شامل ہیں، تینوں نے 1184 نمبر حاصل کیے۔ہیومینٹیز گروپ میں بھی بھکر کی طالبات نے میدان مار لیا۔

گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سرائے مہاجر بھکر کی طالبہ اریح فاطمہ دختر محمد فاروق نے 1144 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی اسکول کی طالبہ کنیز بہو دختر محمد ابراہیم نے 1140 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن جمیلہ مجید دختر عبدالمجید نے 1138 نمبر حاصل کر کے حاصل کی، جو گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول سیال بھکر کی طالبہ ہیں۔ان تمام طلبہ وطالبات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں ان کے والدین عزیز و اقارب اور اساتذہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :