اچھرہ میں شو روم سے ساڑھے تین کروڑ کی جیولری اور نقدی چوری

ملازم نے 110 تولہ سونا، دس لاکھ نقدی اور اسلحہ چرا لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات ریکارڈ

جمعرات 24 جولائی 2025 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) اچھرہ کے علاقے میں چوری کی ایک بڑی واردات سامنے آئی ہے جہاں شو روم میں کام کرنے والے ملازم نے کروڑوں روپے مالیت کی جیولری اور نقدی چوری کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملازم افتخار نے شوروم میں داخل ہو کر 110 تولہ سونا، دس لاکھ روپے کی نقدی اور ایک لائسنس یافتہ اسلحہ چوری کر لیا۔

(جاری ہے)

شوروم کے مالک نواب قریشی کی جانب سے دی گئی درخواست پر بتایا گیا ہے کہ واردات کی مکمل فوٹیج سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو چکی ہے، جس میں ملزم کو چوری کرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے لوٹی گئی نقدی، زیورات اور اسلحہ برآمد کر لیا جائے گا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، جس میں کسی ممکنہ سہولت کار کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔