ایس ای سی پی نے الف فنانس پرائیویٹ لمیٹڈ کو انویسٹمنٹ فنانس سروسز کا لائسنس جاری کر دیا

جمعرات 24 جولائی 2025 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے الف فنانس پرائیویٹ لمیٹڈ کو انویسٹمنٹ فنانس سروسز کا لائسنس جاری کر دیا ہے جس سے اسے قابل اطلاق ریگولیٹری فریم ورک کے تحت نان بینکنگ فنانس کمپنی (این بی ایف سی)کے طور پر کام کرنے کی اجازت مل گئی ہے، لائسنس کی تیز رفتار اور بروقت پروسیسنگ ریگولیٹری کارکردگی، جوابدہی اور قابل اعتبار مارکیٹ میں داخل ہونے والوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایس ای سی پی کے جاری عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق الف فنانس پرائیویٹ لمیٹڈ، الف کیپیٹل ہولڈنگز کا مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ ہے جو ایک علاقائی مالیاتی گروپ ہے جس کے تاجکستان اور ازبکستان میں الف بینک اور الف ٹیک کے ذریعے پہلے سے آپریشنز جاری ہیں، کمپنی پاکستان میں شریعہ کے مطابق ڈیجیٹل اور روایتی قرضے فراہم کرنے پر مرکوز ایک کاروباری ماڈل متعارف کروا رہی ہے جس میں ایس ایم ای فنانسنگ اور''بائے نا پے لیٹر ''حل پر خاص توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ آمد سرمایہ کاروں کے نئے اعتماد اور پاکستان کے ریگولیٹڈ مالیاتی شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی)میں مثبت رفتار کا اشارہ دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الف فنانس کی منظوری ایس ای سی پی کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے معروف غیر ملکی اداروں کو سہولت فراہم کرنا اور اچھی طرح سے منظم، جدت پر مبنی کمپنیوں کو شامل کر کے این بی ایف سی کے شعبے کو مضبوط اور متنوع بنانا ہے جبکہ کمیشن مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے، ڈیجیٹل تبدیلی کو فعال کرنے اور این بی ایف سیز، کیپٹل مارکیٹ اداروں، انشورنس کمپنیوں اور سیکشن 42 کمپنیوں کے لیے لائسنس کی فوری پروسیسنگ کے ذریعے ایک معاون ریگولیٹری ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جس سے قابل ذکر حد تک تیز رفتاری سے کام مکمل ہو رہے ہیں اور یہ طریقہ کار پاکستان کے ریگولیٹڈ مالیاتی خدمات کے منظر نامے میں پائیدار سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرتا ہے۔