نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے تعاون سے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے میرعلی، شمالی وزیرستان میں ڈیجیٹل سکلز بوٹ کیمپ کا آغاز

جمعرات 24 جولائی 2025 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے ہدایات کی روشنی میں متعلقہ ضلعی یوتھ آفس کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دو ہفتوں پر مشتمل ڈیجیٹل اسکلز بوٹ کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ضیاء آئی ٹی اکیڈمی میں منعقدہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے موجودہ ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔

یہ بوٹ کیمپ 25 جولائی 2025 سے شروع ہو کر دو ہفتے جاری رہے گا جس میں نوجوانوں کو بنیادی کمپیوٹر مہارتوں، آن لائن سیفٹی و سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالیسز، آپریٹنگ سسٹمز، گرافک ڈیزائن، کینوا ٹولز، ویڈیو ایڈیٹنگ سمیت دیگر ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے حبیب اللہ نے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جدید دنیا میں کامیابی کے لیے ٹیکنالوجی کا ادراک اور اس سے ہم آہنگی ناگزیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کی اس انقلابی کاوش کو سراہا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ واضح رہے کہ یہ تربیتی کیمپ حکومت خیبرپختونخوا کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت نوجوانوں کو عملی، جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ وہ خود انحصاری، اختراع اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔اسی تناظر میں ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان اور ڈائریکٹر نعمان مجاہد کی سرپرستی میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کے تحت ایسے مزید پروگرام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔