ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے تحصیل آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا

جمعرات 24 جولائی 2025 23:10

qجعفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے تحصیل آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلداروں سمیت دیگر متعلقہ اسٹاف نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں عشر، آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جن زمینداروں اور کاشتکاروں پر تا حال سرکاری واجبات ہیں ان سے ہر صورت وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محاصل کی بروقت وصولی سے ضلع کی ترقی اور عوامی فلاحی منصوبوں میں تیزی آئے گی اس لیے تمام افسران اپنی ذمہ داری کو ایمانداری سے نبھائیں اور مقررہ ہدف کو ہر صورت مکمل کریں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر واجبات کی وصولی کا جائزہ لیں اور رپورٹ دفتر ڈپٹی کمشنر کو ارسال کریں تاکہ کارکردگی کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی