وانی کپور نے فواد خان کے ساتھ کی گئی فلم ابیر گلال پر پابندی پر خاموشی توڑ دی

کینسل کلچر غلط ہے، محض ایک غلط بات کہنے پر بھی کینسل کرو اور بائیکاٹ کرو کی مہم شروع ہوجاتی ہے،اداکارہ

جمعہ 25 جولائی 2025 11:24

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)بولی وڈ اداکارہ وانی کپور نے پہلی بار پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے اور اپنی فلم ابیر گلال پر بھارت میں پابندی عائد کرنے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ بائیکاٹ اور کینسل کلچر نہیں ہونا چاہیے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وانی کپور نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستانی اداکار کے ساتھ کی گئی فلم پر بھارت میں پابندی پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ سنسر سرٹیفکیٹ دینا تو سمجھ میں آتا ہے لیکن سینسرشپ کی کوئی حد نہیں رکھی گئی، تھوڑے سے اختلافات پر بھی فلم پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ سینسرشپ کے دور میں ایک آرٹسٹ، فلم ساز یا پرفارمر کس حد تک اپنے تخلیقی کام کے نئے دائرے دریافت کر سکتا ہے، کیونکہ فنکاروں اور فلم سازوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے، ان کی ایک حد مقرر کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب فنکار پر حد بندی عائد کی جائے تو وہ مجبور ہوتا ہے کہ انہی پابندیوں میں رہتے ہوئے کچھ نیا اور تازہ پیش کرے۔وانی کپور نے انٹرویو میں بائیکاٹ اور کینسل کلچر پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کینسل کلچر غلط ہے، محض ایک غلط بات کہنے پر بھی کینسل کرو اور بائیکاٹ کرو کی مہم شروع ہوجاتی ہے۔اداکارہ نے فواد خان اور ابیر گلال کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں کسی بھی بات پر اتنا شدید ردعمل سمجھ نہیں آتا۔اداکارہ نے گفتگو کے دوران واضح طور پر فواد خان اور اپنی فلم ابیر گلال کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا اشارہ اسی طرف تھا۔