پولیس مقابلہ ، نوجوانوں کونوکری کا جھانسہ دیکر جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر سفاکانہ انداز میں قتل کرنے والے سفاک قاتل ہلاک ، عوام میں خوشی کی لہر

جمعہ 25 جولائی 2025 12:46

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)جیکب آباد پولیس نے نوجوانوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر جنسی زیادتی کا نشانہ بناکر سفاکانہ انداز میں قتل کرنے والے سفاک قاتل کو ہلاک کردیا، عوام میں خوشی کی لہر۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی علاقے ماو واہ کے قریب پولیس اور ملزم کے درمیان مقابلے میں سفاک قاتل ہلاک ہو گیا۔

ہلاک ملزم پورے علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا اور متعدد سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا تھانہ سی سیکشن ٹھل کی حدود میں پیش آئے اس پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نصیر عرف سلیم عرف ٹوڈو ملک کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا جن میں اغوا، جنسی زیادتی اور بے رحمانہ قتل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک کے مطابق ملزم نوجوانوں کو ملازمت کا لالچ دے کر اغوا کرتا، جنسی تشدد کا نشانہ بناتا اور مزاحمت کرنے پر ان کا گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیتا۔ 17 جولائی 2025 کو بھی اس نے ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان وحید احمد شیخ کا گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل جبکہ محمد سلیمان نامی نوجوان کا گلا کاٹ کر شدید زخمی کر دیا تھا۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور ماو واہ کے قریب جھڑپ کے دوران مقابلہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اس سفاک قاتل کی ہلاکت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی آبادی نے سکھ کا سانس لیا شہریوں نے پولیس کی بروقت اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ شخص پورے علاقے کے لیے ایک عذاب بن چکا تھا ، ایس ایس پی محمد کلیم ملک نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور ایسے درندہ صفت مجرموں کے خلاف کارروائیاں بلاتفرق جاری رہیں گی۔