سی ای او ریلویز کا لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ ،پاک بزنس ٹرین کی لانچنگ سے قبل سہولیات و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

جمعہ 25 جولائی 2025 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)پاکستان ریلوے عامرعلی بلوچ نے جمعہ کے روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے انعام اللہ کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس آپریشن فاطمہ بلال، ڈپٹی ڈی ایس مکینیکل عبدالوقاص و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران سی ای او نے لاہور سٹیشن پر جاری ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی، انفارمیشن ڈیسک، ویٹنگ ایریاز اور پلیٹ فارمز پر مسافروں کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو مسافروں کی سہولت اور آرام کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے خصوصی طور پر 29 جولائی 2025 کو متوقع پاک بزنس ٹرین کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے سی ای او کو ترقیاتی منصوبوں، سروسز میں بہتری اور آپریشنل امور میں کی گئی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور ڈویژن میں تمام افسران اور عملہ مسافروں کی خدمت کے لیے پوری طرح سرگرم ہے۔سی ای او پاکستان ریلوے نے سٹیشن عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ریلوے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریلوے نظام ہی پاکستان کے معاشی استحکام اور عوامی سہولت کی ضمانت ہے۔