غربت ہارگئی، تعلیم جیت گئی : بینظیر تعلیمی وظائف کی ہونہار طالبات کی شاندارکامیابی میٹرک امتحان میں ٹاپ پوزیشنزحاصل کرلیں

جمعہ 25 جولائی 2025 22:40

غربت ہارگئی، تعلیم جیت گئی : بینظیر تعلیمی وظائف کی ہونہار طالبات کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء)بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت دیے جانے والے بینظیر تعلیمی وظائف نہ صرف کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنا رہے ہیں بلکہ یہ وظائف اب کامیابی اور بلند حوصلے کی نئی مثالیں قائم کر رہے ہیں۔ملتان سے تعلق رکھنے والی مریم بی بی اور مومنہ فاطمہ کے خاندان بی آئی ایس پی کے تحت مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں اور ا نہیں بینظیر تعلیمی وظائف بھی مل رہے ہیں۔

مریم اور مومنہ نیمحنت کرتے ہوئے میٹرک کے حالیہ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ مریم بی بی نے 1164 نمبر لے کر پہلی پوزیشن جبکہ مومنہ فاطمہ نے 1139 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔دونوں طالبات کی ماؤں کا کہنا ہے کہ بینظیر تعلیمی وظائف کی بدولت وہ اپنی بچیوں کے لیے ضروری تعلیمی سامان جیسے کتابیں، کاپیاں، یونیفارم اور دیگر تعلیمی ضروریات پوری کر پاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ یہ وظائف انکی بیٹیوں کی تعلیم جاری رکھنے کا ذریعہ بنے۔ آج جب انکی بیٹیوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے تو انکا سر فخر سے بلند ہو گیا۔یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب ریاست کمزور طبقات کا ہاتھ تھامتی ہے اور تعلیم جیسی بنیادی ضرورت کو سہارا دیتی ہے، تو محرومیوں کے اندھیروں سے نکل کر روشن مستقبل کا راستہ بن سکتا ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بینظیر تعلیمی وظائف کا اقدام اس وقت لاکھوں مستحق بچوں بالخصوص طالبات کو تعلیم کی راہ پر گامزن رکھنے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ مریم اور مومنہ کی کامیابی نہ صرف ان کے خاندانوں کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ یہ دیگر بچوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے کہ محنت، لگن اور ریاستی معاونت کے امتزاج سے کسی بھی خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :