پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور متحدہ علماء محاذ پنجاب کے اشتراک سے شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 25 جولائی 2025 23:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) بیمار کربلا سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین صبر ورضاکا پیکر تھے،آپ کی جودوسخااور انسان دوستی کی دنیا میں مثال نہیں ملتی ان کی تعلیمات اور افکارعالیہ پرعمل کر کے ہم آج کے جملہ مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور متحدہ علماء محاذ پنجاب کے اشتراک سے منعقدہ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کی صدارت اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرقونصلیٹ مجید مشکی نے کی ۔دیگر نمایاں مقررین میں مولانا عارف واحدی، مولانا حافظ اقبال رضوی آغانیئرعباس جعفری، عبداللہ حمید گل، مولانا محمد امین انصاری، نعیم اکر م قریشی، جہانزیب چشتی، سبطین لودھی، ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد شکور،پروفیسر طاہر عباس،سیدہ سمیرا رضااور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے سید الشہداء نواسہ رسول ﷺجگر گوشہ حیدر بتول امام حسین اور ان کے 72جانثاروں بشمول سیدہ زینب اور سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین کی تعلیمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچر قونصلیٹ جناب مجیدمشکی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امام زین العابدین نے کربلا کی روایت کی اور تفصیلات سے امت مسلمہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیدالساجدین نے اپنے خطبات کے ذریعے وقت کے ظالم حکمران یزید کو شکست دی اور دین اسلام کی بقا کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کر دی۔