پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون نے پاکستان شاہینز کو دوسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی

جمعہ 25 جولائی 2025 22:40

بیکنھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون نے پاکستان شاہینز کو دوسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ جمعہ کے روز کاؤنٹی گرائونڈ بیکنھم میں کھیلے گئے میچ میں پروفیشنل کائونٹی کلب سلیکٹ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستان شاہینز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29.3 اوورز میں 152 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ اوپنر اذان اویس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی 68 رنز بنائے تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ حیدر علی 15، علی زریاب 14 اور شاہد عزیز 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جعفر علی چوہان نے 4 اور سکاٹ کری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سلیکٹ الیون نے مطلوبہ ہدف 26 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

35 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد ٹام لیوس اور حمزہ شیخ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیوس 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ حمزہ شیخ نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان بیکنسٹائن 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان شاہینز کی طرف سے میر حمزہ، عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے سلیکٹ الیون کے خلاف پہلا ون ڈے میچ 5 وکٹوں سے جیتا تھا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ 27 جولائی کو کاؤنٹی گراؤنڈ ہوو میں کھیلا جائے گا۔