فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی کی نگرانی میں سیاحتی مقام کیرن میں موجود گیسٹ ہاؤسز کا مکمل معائنہ کیاگیا:

ہفتہ 26 جولائی 2025 17:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) آزادجموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فوڈ سیفٹی آفیسر سید شجاعت حسین نقوی کی نگرانی میں سیاحتی مقام کیرن میں موجود گیسٹ ہاؤسز کا مکمل معائنہ کیا۔گیسٹ ہاؤسز، دکانوں میں صفائی ستھرائی اور خوراک کی حفاظت کے معیار کوجانچا گیا۔ ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز کے کچن میں عدم صفائی پر 33 ہزار سے زائد جرمانے کئے گئے۔

ناقص کوکنگ آئل تلف کرتے ہوئے مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ صفائی کے انتظامات کو فوری بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ تمام گیسٹ ہاؤسز اور دکانداروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ مکمل صفائی برقرار رکھیں اور صرف وہی خوراکی اشیاء استعمال اور فروخت کریں جو آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی سے باقاعدہ منظور شدہ اور رجسٹرڈ ہوں۔

(جاری ہے)

کوئی بھی غیر رجسٹرڈ یا ناقص خوراکی اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید شجاعت حسین نقوی کی نگرانی میں وادی نیلم کے سیاحتی مقام کیرن کاباریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے غیر معیاری آئل سمیت صفائی ستھرائی کی عدم توجہی کے باعث گیسٹ ہاؤسز، ہوٹل مالکان کو بھاری جرمانے کرتے ہوئے ناقص آئل بھی ضبط کرنے کے بعد تلف کردیاہے۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم میں فوڈ انالسٹ نازش اشرف، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر خواجہ ممتاز، حافظ انور، سید امتیاز حسین شاہ شامل تھے۔ شہریوں نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی کارروائی کوسراہاہے۔

متعلقہ عنوان :