راولپنڈی ،ڈھیری حسن آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر عوامی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 26 جولائی 2025 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) راولپنڈی ،ڈھیری حسن آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر عوامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں، کارکنوں، تاجروں اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما ملک عامر فدا پراچہ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے لیے خدمات سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی سید نذر حسین شاہ نے انہیں محنت کش طبقے کا محسن قرار دیتے ہوئے ان کے دور میں شروع کئے گئے منصوبوں جیسے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سی پیک کو سراہا۔ تقریب میں صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور جیئے بھٹو اور ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے گونجتے رہے۔ منتظمین نے تقریب کو عوامی مقام پر منعقد کر کے عام لوگوں کو بھی پارٹی سرگرمی میں شریک ہونے کا موقع دیا۔ مقررین نے صدرآصف علی زرداری کی مفاہمت پر مبنی سیاست کو سراہتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔