وزیر اعلیٰ پنجاب کی "زیادہ گندم اگاؤ" مہم کے تحت راولپنڈی میں گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کی تقریب

اتوار 27 جولائی 2025 00:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی "زیادہ گندم اگاؤ" مہم کے تحت راولپنڈی میں گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد تھے جبکہ چیئرمین وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم راجہ حنیف، ایم پی اے راجہ صغیر احمد اور محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

ملک ابرار احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں اور یہ اسکیم کاشتکاروں کی ترقی کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا جس سے نہ صرف مشینی زراعت کو فروغ ملے گا بلکہ کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 36 گرین ٹریکٹرز کامیاب کاشتکاروں میں تقسیم کیے گئے جن میں سے 4 راولپنڈی میں دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ فیز 1 کے تحت 828 ملین کے بلاسود قرضے دیے گئے جن میں سے 827.5 ملین روپے کاشتکاروں نے بروقت واپس کر دیئے جو ان کے اعتماد اور ذمہ داری کا ثبوت ہے۔ تقریب میں کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت پنجاب اور محکمہ زراعت پر اعتماد کا اظہار کیا۔