تجارت کو آسان بنانے کے لیے ’’ پورٹ ورس‘‘ کا اجرا سنگل ونڈو نظام میں بڑی پیش رفت ہے، سید آفتاب حیدر

اتوار 27 جولائی 2025 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) پاکستان سنگل ونڈو کے سی ای او سید آفتاب حیدر نے کہا ہے کہ ملک میں تجارت کو سہل، شفاف اور جدید بنانے کے لیے "سنگل ونڈو" نظام ایک انقلابی قدم ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ایس ڈبلیو نے وزارت بحری امور کے اشتراک سے میری ٹائم سنگل ونڈو پلیٹ فارم ’’پورٹ ورس‘‘ (PortVerse) کا آغاز کر دیا ہے جس سے بندرگاہوں پر آنے والے جہازوں کی کارروائیاں خودکار، مربوط اور شفاف ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ ورس کے تحت شپنگ ایجنٹس، کسٹمز، امیگریشن، پورٹ ہیلتھ اور دیگر ادارے ایک پلیٹ فارم پر منسلک ہوں گے جس سے وقت اور لاگت کی بچت کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی ممکن ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈبلیو سے تجارتی کلیئرنس اب چند گھنٹوں میں ممکن ہے، درجنوں ادارے مربوط ہو چکے ہیں اور کرپشن و تاخیر میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پی ایس ڈبلیو عالمی تجارتی معیارات کے مطابق خودکار تجارتی نظام کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔سید آفتاب حیدر کے مطابق یہ اقدام نہ صرف عالمی معیار اور آئی ایم او تقاضوں کے مطابق ہے بلکہ وقت اور لاگت میں نمایاں کمی، شفافیت اور کارکردگی میں بہتری کا ضامن بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ڈبلیو کے تحت تجارتی کلیئرنس کا دورانیہ کئی دنوں سے کم ہو کر چند گھنٹوں تک آ چکا ہے جب کہ درجنوں سرکاری ادارے اس نظام سے منسلک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے اور او آئی سی ممالک نے پاکستان سے اسلامی دنیا میں سنگل ونڈو نیٹ ورک کی قیادت کی درخواست کی ہے۔ پی ایس ڈبلیو کے آئندہ اہداف میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ ڈیجیٹل تجارتی تعاون اور انضمام شامل ہے۔