فروغ تعلیم پالیسی کے تحت گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں سال اول کے داخلوں کا آغاز

اتوار 27 جولائی 2025 17:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فروغ تعلیم پالیسی اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب غلام فرید کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی زیر نگرانی ضلع بھر کے تمام خواتین و مرد کالجز میں سال اول کے داخلوں کا سلسلہ جاری ہے۔برصغیر کی قدیم ترین درسگاہوں میں سے ایک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک (قائم شدہ 1924) میں پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران کی قیادت میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اٹک، ارشد خان نے داخلہ مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل اظہر محمود، کنوینئر ایڈمیشن کمیٹی ڈاکٹر عبدالقیوم خٹک، انچارج ڈسپلن کمیٹی محمد عثمان صدیقی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر عملہ موجود تھا۔

(جاری ہے)

پرنسپل ڈاکٹر سید محمد عمران نے کہا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر داخلوں کا سلسلہ قبل ازیں جاری تھا، تاہم اب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے میٹرک رزلٹ کے اعلان کے بعد باضابطہ طور پر سال اول کے داخلے شروع کر دیے گئے ہیں۔

اس مقصد کے لیے کالج کے کمرہ نمبر ایک میں ون ونڈو روم قائم کیا گیا ہے جہاں فارم چیکنگ، فیس اور دیگر معاملات ایک ہی جگہ مکمل کیے جا رہے ہیں۔اس سال 740 طلبہ کو پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، آرٹس، جنرل سائنس اور آئی سی ایس کے پانچ شعبہ جات میں داخلہ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سب سے زیادہ رجحان آئی سی ایس میں ہے۔ گزشتہ سال یہ ہدف 640 تھا۔

حکومتی پالیسی کے تحت ایم اے اور ایم ایس سی کی کلاسوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور کالج اب جدید تعلیم پر مبنی چار سالہ بی ایس پروگرام پر توجہ دے رہا ہے جو گزشتہ سال سے جاری ہے اور اس کا دوسرا سمسٹر چل رہا ہے۔ پہلے 54 فیصد نمبروں کی شرط تھی، جو اب ختم کر دی گئی ہے اور تمام طلبہ داخلہ لے سکتے ہیں۔ نئے داخلے کمپیوٹر سائنس میں کیے جا رہے ہیں۔

کالج میں جدید لیبارٹریاں قائم ہیں اور امریکہ ایمبیسی برائے افغان مہاجرین کی معاونت سے آٹھ کمروں پر مشتمل بلاک تعمیر کیا گیا ہے جس کا نام راؤ عاطف رضا آئی ٹی بلاک رکھا گیا ہے اور اس کا افتتاح اپریل میں ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے کیا۔مزید برآں، کالج میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (AD) متعارف کرایا گیا ہے جس میں جغرافیہ، شماریات، زولوجی، فزکس، ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن اور ایجوکیشن شامل ہیں۔

فزکس کے مضمون میں 50 فیصد نمبروں کی شرط اور انٹرمیڈیٹ میں فزکس پڑھنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔کالج میں ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کی فری تیاری کلاسیں بھی جاری ہیں جو 12 جون سے شروع کی گئی ہیں۔ پی ایچ ڈی اور ایم فل فیکلٹی، جدید لیبارٹریوں اور آلات کی بدولت طلبہ کو اسلام آباد یا لاہور جانے کی ضرورت نہیں رہی۔علاوہ ازیں، کالج میں کنٹین، 60 طلبہ کے لیے رہائش گاہ (ہاسٹل)، وسیع گراؤنڈ، اور سو سال پرانے درختوں کے ساتھ ایک دلکش ماحول میسر ہے۔ کالج کی اپنی بس سروس حضرو تک طلبہ و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔\378