سوات،تحصیل مٹہ کے دور دراز علاقوں میں سوات پولیس اور سیکورٹی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن

اتوار 27 جولائی 2025 18:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)سوات میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سوات پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ تحصیل مٹہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں، خصوصا سربانڈہ، پاڑ بنج اور ملحقہ مقامات میں مشترکہ سرچ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ حساس مقامات اور اونچی چوٹیوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے خود سرچ آپریشن کا جائزہ لیا اور علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس پی اپر سوات شوکت علی، ڈی ایس پی مٹہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سرچ آپریشن کے بعد علاقے کے معززین کے ساتھ جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں بریگیڈیئر 6 بریگیڈ عامر جمیل، ڈی پی او سوات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر عامر جمیل نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام میں ہر شہری کا کردار کلیدی ہے۔ عوام کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر پولیس یا سیکیورٹی اداروں کو دیں۔ امن دشمن عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں، ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ ریاستی ادارے ہر وقت متحرک اور الرٹ ہیں، تاہم عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کریں۔علاقہ معززین نے سوات پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :