یو اے ای میں پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کیلئے ویزا چھوٹ کا نفاذ کردیا گیا،اسحق ڈار

اتوار 27 جولائی 2025 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے لیے ویزا چھوٹ کا نفاذ کردیا گیا ہے۔نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا اعلان کیا اور اسے دو برادر ممالک کے درمیان ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے لکھا کہ مجھے یو اے ای حکام نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس کے لیے ویزا چھوٹ کا نفاذ 25 جولائی 2025 سے یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر کر دیا گیا ہے۔پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں، یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ بھی، جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے اور کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر باہمی ویزا چھوٹ پر اتفاق کیا اور اس معاہدے کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او پر) پر دستخط کیے، جس کا نفاذ دستخط کے 30 دن بعد ہوگا۔اسحق ڈار کے مطابق، یہی باہمی سہولت اماراتی شہریوں کے لیے بھی پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر فعال کر دی گئی ہے۔