امریکا، وال مارٹ سٹور پر چاقو کے حملوں سے 11 افراد زخمی، مشتبہ شخص گرفتار

پیر 28 جولائی 2025 10:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) امریکی ریاست مشی گن کے شہر ٹریورس میں وال مارٹ سٹور پر چاقو کے حملوں میں 11 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق شعبہ صحت کے ترجمان میگن براؤن کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز وال مارٹ سٹور پر چاقو کے حملوں میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ مشن گن پولیس کے شیرف آفس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ۔پولیس نے شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ واقعے کے بعد وال مارٹ سٹور کے قریب فائر ٹرک اور پولیس کی درجنوں گاڑیاں موقع پر دیکھی گئیں۔

(جاری ہے)

مشی گن کی گورنر گریچن وٹمر نے کہا ہے کہ ان کا آفس اس خبر کے حوالے سے پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اس وحشیانہ عمل کا نشانہ بننے والے افراد اور متاثر ہونے والی کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔ وال مارٹ کے ترجمان جو پیننگٹن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کمپنی پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر ڈین بونگینو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ بیورو افسران واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹریورس شہر مشی گن جھیل کے کنارے واقع ایک مشہور پرفضا مقام ہے جہاں لوگ چھٹیاں گزارنے کے لیے آتے ہیں۔ یہ شہر چیری فیسیٹول، باغات اور لائٹ ہاؤسز کے لیے بھی کافی مشہور ہے ۔