والد کی شہادت کے 20 برس بعد بہادر بیٹا بھی وطن پر قربان،وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم کے گھر جا کر اہل خانہ کے حوصلے کو سراہا

پیر 28 جولائی 2025 10:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم کی رہائش پر گئے، شہید میجر زیاد سلیم کی والدہ، بھائیوں، بہن اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر زیاد سلیم کی والدہ، بھائیوں، بہن اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کااظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر زیاد سلیم کی والدہ۔ بہن اور بھائیوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ آپ جیسی بہادر اور بلند حوصلہ مائیں قوم کا فخر ہیں۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے شہید میجر زیاد سلیم کی والدہ کی عظمت ،حوصلے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خاندان کی قربانیوں کا قرض قوم نہیں اتار سکتی۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر زیاد سلیم کی بے مثال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آپ کے خاندان کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے۔ شہید میجر زیاد سلیم کا آخری آڈیو پیغام بھائی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو سنایا۔ شہید کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہادت سے کچھ عرصہ قبل ہی بیٹے کی شادی ہوئی ، اسے وطن سے عشق جنون کی حد تک تھا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے کے باوجود زیاد ساتھیوں کو بچاتے رہے۔

زخموں کی بھی پروا نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ شوہر کے بعد اب بیٹا بھی وطن پر قربان ہو گیا۔ شہید کی والدہ نے کہا کہ ہمیشہ وطن اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہوں اور رہوں گی۔میجر زیاد سلیم کے والد بریگیڈئر سلیم بھی 2005 میں مادرِ وطن پر قربان ہو چکے ہیں ۔آئی جی اسلام آباد پولیس، علی ناصر رضوی ۔ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔