بزدار دور کی مالی بے ضابطگیوںکی تحقیقات میں بیورو کریسی کے رکاوٹ بننے پر چیئرمین پی اے سی تھری برہم

متعلقہ محکمے میں ہم ایک روپے کی ریکوری کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے،وقت ،وسائل ضائع کررہے ہیں ‘ چیئرمین احمد اقبال

پیر 28 جولائی 2025 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوںکی تحقیقات میں بیورو کریسی کے احتساب میں رکاوٹ بننے پر چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری احمد اقبال نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاًاجلاس ہی ختم کردیا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری میںسالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور کیٹل مینجمنٹ کمپنی کے مالی سال 2022-23کے آڈٹ پیرے زیر بحث آنا تھے۔

(جاری ہے)

احمد اقبال نے کہا کہ متعلقہ محکمے میں ہم ایک روپے کی ریکوری کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے،ہم اپنا وقت اور وسائل ضائع کررہے ہیں ۔چیئرمین پی اے سی تھری احمد اقبال نے کہا کہ ہم ایک آڈٹ پیرا سیٹل نہیں کرسکے ،ہماری کار کردگی صفر نہیں بلکہ منفی میں ہے،کسی معاملہ میں ہماری تیاری نہیں ہوتی،تیسری بار ہے کہ افسران کی تیار ی نہیں ہے،گزشتہ سال اگست میں بھی ہم یہی کچھ کررہے تھے جو اب کررہے ہیں،میں یہ اجلاس ملتوی کرنے پر مجبور ہوں۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری افسران ساٹھ دن میں بھی انکوائری مکمل نہیں کرسکے۔