محکمہ لائیو سٹاک و ڈیر ی ڈویلپمنٹ کے پیرا ویٹر نر ی سٹاف میں موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب

پیر 28 جولائی 2025 18:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ممبران صوبائی اسمبلی کی محکمہ کے پیرا ویٹر نر ی سٹاف کو موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب سول ویٹرنری ہسپتال میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانان خصوصی ممبران صوبائی اسمبلی راؤ کاشف رحیم خاں اور چوہدری عارف محمود گل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے راؤ کاشف رحیم خاں نے کہا کہ میرے 20 سالہ سیاسی کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کے پیرا ویٹرنری عملہ کو سروس ڈلیوری کے لیے موٹر سائیکلیں دی جا رہی ہیں اور یقینا اس کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اب دیکھنا یہ ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ کس طرح گاؤں، دیہاتوں اور دور دراز بیٹھے افراد اور خاص کر کسانوں کے مویشیوں کا علاج کرتا ہے اور انہیں ریلیف فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اس سے محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ کا مورال بلند ہو گا، قوی امید ہے کہ اس سے سروس کا معیار بلند ہوگا اور محکمہ کے ٹارگٹ پورے کیے جائیں گے۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری عارف محمود گل نے کہا کہ سی ایم پنجاب جو کہتی ہیں کر کے دکھاتی ہیں اور آج لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے پیراویٹر نر ی عملہ کو جو موٹر سائیکلیں تقسیم کی جا رہی ہیں اس کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی صحت کا تو ہر کوئی خیال رکھتا ہے لیکن جس طرح وزیراعلیٰ پنجاب نے جانوروں کی صحت کی بہتری کے لیے یہ کام کیا ہے یہ اللہ کا خاص کرم بھی ہے اور ہمارا فرض بھی ہے۔ دیہاتی لوگ انہی جانوروں سے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے کہا لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کو یہ جو سہولت ملی ہے اس سے وہ لوگوں کی خدمت کریں تاکہ وزیراعلیٰ کو پتہ چلے کہ جو ویژن انہوں نے سوچا تھا اس کا فائدہ عوام کو ملا ہے۔

انہوں نے کہا میں سی ایم پنجاب کے علاوہ زراعت و لائیوسٹاک کے وزیرسیدعاشق حسین کرمانی صاحب کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،وہ ایک انتہائی قابل اور محنتی انسان ہیں۔قبل ازیں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے معزز مہمانان خصوصی کو خوش آمدید کہا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اس خصوصی اقدام پر تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز گاؤں اوردیہاتوں سے جانور ہسپتال لانا ایک مشکل کام ہوتا تھا مگر اب ہماری ٹیمیں ان موٹر سائیکلوں کے ذریعے خود چل کر لوگوں کی دہلیز پر پہنچ کر جانوروں کا علاج کریں گی جس سے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ممبران اسمبلی کو بتایا کہ یہ موٹر سائیکلیں ضروری میڈیکل آلات، آئس باکس اور سیفٹی وائر سے لیس ہیں تاکہ میڈیسن یا ویکسین وغیرہ خراب نہ ہو اور سیفٹی وائر سے عملہ کسی قسم کی ڈور یا تار وغیرہ سے بھی محفوظ رہے۔

ڈاکٹر ندیم بدر نے چیف منسٹر پنجاب لائیو سٹاک کارڈ بارے بتایا کہ اس کا آغاز گزشتہ سال ہوا تھا اور اس حوالے سے فیصل آباد ڈویژن کا ٹارگٹ 17 کروڑ 70 لاکھ لون دینا تھا جس میں سے 15کروڑ 70 لاکھ لون دیا گیا جبکہ 15 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ریکوری بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل کی قیمت 2 لاکھ 36 ہزار روپے ہے اور 6584 روپے اس کی قسط ہے جو ہمارا سٹاف تین سال میں ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فیز میں کل3402 موٹر سائیکل پورے پنجاب میں جبکہ 402 فیصل آباد ڈویژن جن میں سے142 فیصل آباد ضلع جن میں سے آج 60 موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے جا رہے ہیں۔