لاہور چیمبر میں زیرو کاربن ایمیشنز پر سیمینار کا انعقاد

پیر 28 جولائی 2025 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد کی زیر صدارت پاکستان کی برآمدی صنعتوں کیلئے زیرو کاربن ایمیشنز کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہواجس کا مقصد مقامی برآمد کنندگان میں ماحول دوست پیداواری طریقوں کے فروغ اور عالمی ماحولیاتی معیار سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔

مقررین نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت قائم رکھنے کے لیے صنعتوں کے لیے کاربن کے اخراج پر قابو پانا ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی استحکام اب صرف ایک انتخاب نہیں بلکہ عالمی تجارتی مواقع تک رسائی کے لیے ایک بنیادی تقاضا بن چکا ہے۔ میاں ابوذر شاد نے زور دیا کہ پاکستان کی برآمدی صنعتوں کو ماحول دوست پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور گرین سرٹیفیکیشنزکی جانب فوری پیش رفت کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

ماہرین نے شرکاکو زیرو کاربن حکمت عملیوں سے متعلق تکنیکی معلومات فراہم کیں اور پائیدار صنعتی طریقوں کی طرف منتقلی کے لیے عملی اقدامات پر رہنمائی فراہم کی۔میاں ابوذر شاد نے تمام مہمانوں، ماہرین اور شرکاکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سیمینارز لاہور چیمبر کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہیں جس کے تحت کاروباری برادری کی عالمی چیلنجز خصوصا موسمیاتی تبدیلی جیسے حساس موضوعات پر رہنمائی اور شعور اجاگر کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری ، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، ایگزیکٹو کمیٹی رکن آمنہ رندھاوا، صوبائی محکمہ تحفظ ماحول و موسمیاتی تبدیلی کی پارلیمانی سیکرٹری کنول پرویز چوہدری ، بیریسٹر حسن نواز شیخ، ڈاکٹر نبیل امین، سہیل بٹ اور لاہور چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کارپوریٹ ریلیشنز اینڈ مارکیٹ کمیٹی کے کنوینر ملک عامر سلام نے بھی خطاب کیا۔