یو ای ٹی میں داخلے کے لیے امیدواروں کی بھرمار، نشستوں میں خاطر خواہ اضافہ

پیر 28 جولائی 2025 18:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور اور اس کے سب کیمپسز میں انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے کے لیے اس سال 17ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو ادارے پر اعتماد اور اس کی تعلیمی ساکھ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یو ای ٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی غیر معمولی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے انڈرگریجویٹ نشستوں میں 2500سیٹوں کا اضافہ کرتے ہوئے مجموعی تعداد 7500تک بڑھا دی ہے۔

وائس چانسلر کے مطابق نشستوں میں یہ اضافہ مزید طلبا کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے ویژن کا حصہ ہے۔ طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر، طلبہ کے دو ہاسٹل طارق ہال اور خالد ہال کو بھی گرلز ہاسٹلز میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ طالبات کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

یو ای ٹی لاہور اور اس کے سب کیمپسز میں انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے کے لیے پہلی میرٹ لسٹ آویزاں کر دی گئی ہے جبکہ دوسری میرٹ لسٹ یکم اگست کو آویزاں کی جائے گی۔

پہلی میرٹ لسٹ کے مطابق مختلف شعبہ جات بشمول کمپیوٹر سائنس کا میرٹ 87.7%، سائبر سکیورٹی 86%، انٹیریئر ڈیزائن 85.6%، جبکہ بزنس انالٹکس کا میرٹ 85.3% رہا۔ اسی طرح ڈیٹا سائنس کا میرٹ 85.2%، الیکٹریکل انجینئرنگ 82.2%، مکینیکل انجینئرنگ 82.2%، میکاٹرونکس 81.8%، اور روبوٹکس کا میرٹ 81.8% تھا۔ آرکیٹیکچر کا میرٹ 81%، سول انجینئرنگ، کیمیکل انجینئرنگ اور گیمنگ اینڈ اینیمیشن کا میرٹ بالترتیب 81%, 80=5% اور 80.9% رہا۔

جبکہ سی آر پی کا میرٹ 74.9%، کیمسٹری کا 73.9%، انڈسٹریل کیمسٹری کا میرٹ 72.4%، اسلامک اسٹڈیز کا میرٹ 71.4% رہا۔ فزکس کا میرٹ 83.2%، میتھمیٹکس 77%، مٹیریل سائنس 75.9%، اور انوائرمنٹل سائنس کا میرٹ 76.7% رہا۔ اسی طرح انوائرمنٹل انجینئرنگ 75.4%، لاجسٹک اینڈ سپلائی چین 78.7%، آئی ایم ای 76.1%، پٹرولیم انجینئرنگ 78.7%، مائننگ 69.3%، پولیمر 69.5%، پی آئی ڈی 71.1%، ٹرانسپورٹیشن 69.1%، جیولوجیکل 67.2%، انگلش لینگوئج اینڈ لٹریچر 76.5%، انفارمیشن سسٹمز ٹیکنالوجی کا میرٹ 82.4% رہا۔ پہلی میرٹ لسٹ میں شامل امیدواروں کے لیے فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کی گئی ہے۔