ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر ایمز مظفرآباد میں آگاہی واک اور سکریننگ کیمپ کا انعقاد

پیر 28 جولائی 2025 19:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) دنیا بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی عالمی یومِ ہیپاٹائٹس انتہائی سنجیدگی اور طبی شعور کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) مظفرآباد میں ایک خصوصی آگاہی واک اور مفت سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس جیسے مہلک وائرس سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھاتقریب کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر معروف نے کی جبکہ اس واک میں میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر شوکت، ڈاکٹر مظہر ہمدانی، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر روبینہ شیخ، ڈاکٹر سارہ کنٹھ، ڈاکٹر فیاض، فارماسسٹ لائبہ، ڈاکٹر شفق شفیق، ڈاکٹر سبین عارف، ڈاکٹر وقار، ساجد اعوان، راجہ شاہد، لطافت مغل، معصوم مغل سمیت دیگر میڈیکل اسٹاف، نرسز اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر معروف نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ڈے ہر سال 28 جولائی کو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو اس بیماری کی اقسام، اس کے پھیلاؤ، بروقت تشخیص اور بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا جا سکیماہرین نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ایک وائرس ہے جو جگر کو متاثر کرتا ہے۔ اس کی پانچ اقسام A، B، C، D اور E ہیں، جن میں ہیپاٹائٹس B اور C سب سے زیادہ مہلک تصور کی جاتی ہیں۔

یہ اقسام اگر بروقت علاج نہ ہوں تو جگر کی سوزش، سروسس (جگر کا سکڑ جانا) اور جگر کے کینسر کا باعث بن سکتی ہیں۔اس موقع پر شرکاء کو ہیپاٹائٹس بی اور سی کی مفت سکریننگ اور ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ احتیاطی تدابیر، بیماری کی علامات اور بچاؤ سے متعلق معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ڈاکٹرز نے زور دیا کہ غیر جراثیم شدہ سرنجوں کا استعمال، غیر محفوظ خون کی منتقلی، اور صفائی کی کمی اس بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔

اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ صرف مستند طبی مراکز سے علاج کروائیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں ڈائریکٹر ایمز ڈاکٹر معروف نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے ویکسین، سکریننگ اور علاج کی سہولتیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں، جن سے فائدہ اٹھانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہیلتھ ایجوکیشن اور آگاہی پروگرامز کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ معاشرہ مہلک امراض سے محفوظ رہ سکے۔