صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی 115ویں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شرکت

پیر 28 جولائی 2025 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے لاہور کے پائن ایونیو میں منعقدہ 115ویں پاکستان لائف اسٹائل فرنیچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں شریک اسٹال ہولڈرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور فرنیچر انڈسٹری کی ترقی میں ان کے کردار، تخلیقی صلاحیتوں اور عمدہ کاریگری کو سراہا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے عالمی معیار کے مطابق ڈھال کر نہ صرف برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں، اس طرح کی نمائشیں مقامی صنعتکاروں اور نوجوان ڈیزائنرز کو نہ صرف اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ عالمی مارکیٹ سے ہم آہنگ ہونے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ معیار، جدت اور بین الاقوامی رجحانات پر خصوصی توجہ دیں تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا سکیں۔اختتامی تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور صنعتکاروں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے روایتی لکڑی کے کام سے لے کر جدید ماڈیولر فرنیچر تک وسیع اقسام کی نمائش کو سراہا اور نوجوان ڈیزائنرز اور کاروباری افراد کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایکسپو کے سی ای او میاں فیصل نے تقریب کے دوران ایکسپو کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایڈیشن میں 100 سے زائد معروف فرنیچر برانڈز نے شرکت کی۔ میاں فیصل نے مزید بتایا کہ ایکسپو میں بڑی تعداد میں شہریوں، کاروباری شخصیات، سرکاری حکام، لاہور چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، اراکین اسمبلی اور مختلف ممالک کے اعزازی قونصلرز نے شرکت کی جس سے اس ایونٹ کی اہمیت اور رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ نمائش میں منتخب مصنوعات پر 40 فیصد تک رعایت بھی دی گئی۔ ایکسپو نے نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں وہ موجودہ مارکیٹ رجحانات کا مشاہدہ کرتے ہوئے اپنے تخلیقی تصورات پیش کر سکے۔