پیرو، پک اپ وین کھائی میں جاگری، 7 افرادہلاک ، بچہ معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا

منگل 29 جولائی 2025 09:00

لیما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) پیرو کے وسطی علاقے جونین میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ ایک بچہ شدید زخمی حالت میں معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔شنہوا نے مقامی میڈیا کےحوالے سے بتایا کہ پک اپ وین سڑک سے بے قابو ہو کر تقریباً 300 میٹر گہری کھائی میں جاگری۔یہ حادثہ افتادہ پہاڑی علاقے "کارپا پاتا" میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہائی وے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی باشندے شامل تھے۔ریسکیو اہلکاروں نے شدید زخمی حالت میں ایک بچے کو زندہ نکالا، جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بچہ حادثے کا واحد زندہ بچ جانے والا فرد ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک پہاڑی شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات میں بہتری لائی جائے اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔