نوشہرہ ورکاں، بڈھا گورائیہ سے پسند کی شادی کرنے والا جوڑا کراچی کلفٹن ایریا میں قتل، مقتولہ کا بھائی شامل تفتیش

منگل 29 جولائی 2025 11:10

نوشہرہ ورکاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) نوشہرہ ورکاں ,کے نواحی گاوں بڈھا گورائیہ کی لڑکی اور لڑکا کراچی میں قتل، لاشیں کلفٹن پورٹ سے برآمد ہوئیں۔بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں بڈھا گورایہ کی رہائشی ثناء اور ساجد مسیح کو کراچی میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیادونوں کی لاشیں کلفٹن پورٹ کے علاقے سے برآمد ہوئیں ،جنہیں کراچی پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 15 جولائی کو تھانہ تتلے عالی میں درج ایف آئی آر کے مطابق گاؤں بڈھا گورایہ کے رہائشی آصف کی بیٹی ثناء کو گاؤں ہی کے ساجد مسیح اور اس کے ساتھیوں نے اغواء کیا تھا۔مقتولہ کے بھائی وقاص کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج ہوا تھا ،جبکہ اہل خانہ کئی روز سے اس کی تلاش میں تھے کراچی میں دوہرے قتل کے واقعہ کے بعد تتلے عالی پولیس نے اغواء کیس کے مدعی وقاص کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے محرکات غیرت یا ذاتی بھی ہو سکتے ہیں، پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔\378