یوکرینی ڈرون حملہ، روس میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ، مال بردارٹرین میں آگ لگ گئی

منگل 29 جولائی 2025 15:24

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) روس کے علاقے ڈونیٹسک پر یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجہ میں ڈیڑ لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی اور ایک ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی جبکہ ایک مال بردار ٹرین کوآگ لگ گئی ۔رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات گئے شروع ہونے والا یوکرینی ڈرون حملہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران درجنوں یوکرینی ڈرونز نے ماکیوکا، اور یاسینوتاایا میں بجلی کی فراہمی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ۔

حملے کے نتیجے میں بجلی کے کئی سب سٹیشن متاثر ہوئے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ ہو گیا۔حملے میں اضافی نقصانات اور ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ یوکرینی ڈرون حملے کے دوران ڈونیٹسک کے کویبیشیوسکی ضلع میں ایک بڑی آگ دیکھی گئی، جب کہ مبینہ طور پر ایک ڈرون کیفسکی ضلع میں ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا۔

(جاری ہے)

ڈونیٹسک کے ہمسایہ روستوو ریجن میں کامنسک،شاختنسکی، سالسک، وولگوڈونسک، بوکووسکی اور تاراسوسکی نامی علاقوں میں متعدد یوکرینی ڈرونز کو روکے جانے کے باوجود ان میں سے کچھ نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔

وولگوڈونسک میں ڈرون حملے میں ایک شخص کی موت کی اطلاع ملی ۔ یہاں ڈرون حملے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس کا ڈرائیور ہلاک ہوا۔ سالسک میں ایک گھر کی چھت کو نقصان پہنچا اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ مقامی ریلوے اسٹیشن پر بھی آگ بھڑک اٹھی۔ کم از کم ایک مسافر ٹرین کو محفوظ فاصلے پر لے جایا گیا ۔ روسی ریلوے نے اطلاع دی ہے کہ روستوو ریجن میں سالسک سٹیشن سے ٹرین کی آمدورفت عارضی طور پر اس وقت معطل کردی گئی جب ڈرون کے ملبے سے مال بردار ٹرین میں آگ لگ گئی۔ کمپنی نے کہا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر جلد قابو پالیا گیا۔