بنوں، دہشت گردوں کا جانی خیل پل کو دھماکہ خیزمواد سے اڑانے کی کوشش

دھماکے سے پل کو جزوی نقصان پہنچا ، سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور علاقہ سیل کر دیا،اقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 جولائی 2025 12:58

بنوں، دہشت گردوں کا جانی خیل پل کو دھماکہ خیزمواد سے اڑانے کی کوشش
بنوں (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی 2025)خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کا جانی خیل پل کو دھماکہ خیزمواد سے اڑانے کی کوشش، دھماکے سے پل کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پل کو ٹارگٹ کئے جانے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور علاقہ سیل کر دیا، سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم تخریب کاروں نے جانی خیل پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی گئی تاہم دھماکہ مکمل طور پر پل کو تباہ کرنے میں ناکام رہا اور صرف جزوی نقصان ہوا ہے۔جانی خیل پل کی جزوی تباہی سے مقامی ٹریفک پر وقتی اثر ضرور پڑا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پل کی مرمت جلد مکمل کر لی جائے گی تاکہ آمد و رفت بحال ہو سکے۔

(جاری ہے)

پشاور پولیس ترجمان کے مطابق تخریب کاروں کی تلاش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے جبکہ عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف مسلسل آپریشنز جاری ہیں اور علاقے میں مشتبہ افراد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ علاقے میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے خدشات کو ظاہر کرتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے الرٹ ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع مقامی پولیس یا سیکیورٹی اداروں کو دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا تھا۔دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے بم گرایا تھا۔ بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں مزنگہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق بم چیک پوسٹ کے باہر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم جانی نقصان نہیں ہواتھا۔مزنگہ چیک پوسٹ پر چوبیس گھنٹے میں دہشت گردوں کا یہ دوسرا حملہ تھا۔