انٹرنیشنل سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

منگل 29 جولائی 2025 17:04

ہانگ کانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) انٹرنیشنل سٹاک ایکسچینجز میں منگل کو ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔اے ایف پی کے مطابق امریکا کے حالیہ تجارتی معاہدوں کے بعد سرمایہ کار اب کلیدی اقتصادی ڈیٹا، کارپوریٹ آمدنی رپورٹس اور امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ پالیسی میٹنگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

ایس پی آئی اثاثہ مینجمنٹ کے اسٹیفن انس نے کہاکہ یورپی یونین اور جاپانی مصنوعات پر 15 فیصد ٹیرف نے شاید مارکیٹ کو بڑے بحران سے بچا لیا ہو لیکن یہ کوئی کھلی چھوٹ نہیں ہے، امریکی اوسط مؤثر ٹیرف اب بھی 18.2 فیصد ہے جو کہ عالمی تجارت میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔نیشنل آسٹریلیا بینک کے رے ایٹریل کے مطابق مارکیٹ نے جلد ہی اندازہ لگا لیا ہے کہ یہ بظاہر مثبت خبر درحقیقت یوروزون کی قلیل مدتی ترقی کے لیے بری خبر ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سرمایہ کار اب بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں ایپل، مائیکروسافٹ، میٹا اور ایمیزون کی آمدنی رپورٹس، امریکی معاشی ترقی اور روزگار کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹس میں ملاجلا رجحان رہا۔ ٹوکیو سٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران نکی 225 انڈیکس 0.8 فیصد کمی سے 40,674.55 ، ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج میں ہینگ سینگ انڈیکس 0.2 فیصد کمی سے 25,524.45 ، شنگھائی یو سٹاک ایکسچینج کا کمپوزٹ انڈیکس 0.3 فیصد اضافہ سے 3,609.71 اور لندن یو سٹاک ایکسچینج میں ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس 0.1 فیصد اضافہ سے 9,092.87 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا اور کاروباری سرگرمیوں کے دوران ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 0.1 فیصد اضافہ سے 66.77 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے سودے 0.1 فیصد اضافہ سے 70.09 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔