ہم ایک آزاد، ترقی یافتہ اور خود مختار ریاست چاہتے ہیں ، فلسطینی وزیر اعظم

فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنا امن، سلامتی اور استحکام میں سرمایہ کاری ہے،محمد مصطفی

منگل 29 جولائی 2025 17:36

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)فلسطینی وزیرِ اعظم محمد مصطف نے زور دیا ہے کہ دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس ایک ایسا موڑ ثابت ہونی چاہیے جو محض بیانات کو با قاعدہ عملی اقدامات میں تبدیل کرے۔ اقوامِ متحدہ میں اسرائیل - فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کو دوبارہ متحرک کرنے سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہم ایک آزاد، ترقی یافتہ اور خود مختار فلسطینی ریاست چاہتے ہیں جس پر سب فخر کر سکیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنا دراصل امن، استحکام اور سلامتی میں سرمایہ کاری ہے۔محمد مصطفی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے اور غزہ پر اپنا کنٹرول ختم کر کے اسے فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنا ہو گا تاکہ جنگ سے تباہ حال اس علاقے میں امن بحال کیا جا سکے۔انھوں نے کہا اسرائیل کو غزہ کی پٹی سے مکمل طور پر نکلنا چاہیے، اور حماس کو اپنا کنٹرول ختم کر کے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کر دینے چاہئیں۔محمد مصطفی کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ میں مکمل ذمے داری سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔فلسطینی وزیر اعظم کے مطابق نسل کشی پر مبنی اس جنگ کو فورا رکنا چاہیے۔