غیررجسٹرڈ ادویات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرینگے، ڈاکٹرعبید علی

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈراپ) کے اعلیٰ افسران کا کراچی میڈیسن مارکیٹ یونین آفس کا دورہ اورمیٹنگ ، میڈیا سے گفتگو

منگل 29 جولائی 2025 19:12

غیررجسٹرڈ ادویات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرینگے، ڈاکٹرعبید علی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (D.R.A.P) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبید علی نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف بڑے ایکشن کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ میڈیسن مارکیٹ کا سروے بھی کرینگے اور مارکیٹ یونین سے اہم امور پر مشاورت بھی کی جائے گی۔ وہ کراچی میڈیسن مارکیٹ یونین آفس کے دورے اور یونین عہدہ داران صدر زبیر میمن، جنرل سیکریٹری اسلم پولانی اور سیکریٹری اطلاعات شمس اقبال سے میٹنگ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈراپ کے افسران جمیل احمد اور ساجد علی میمن بھی موجود تھے۔اتھارٹی اعلیٰ افسران نے میڈیسن مارکیٹ یونین کے عہدہ داران سے ادویات ، ڈسٹریبیوٹر اور دواء ساز کمپنیز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اہم معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈاریکٹر (ڈراپ) ڈاکٹر عبید علی نے کہا کہ ادویات کے حوالے سے کسی بھی سطح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

جہاں شکایات ہونگی انہیں دور کیا جائے گا اور ایکشن بھی لیں گے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ درد کی آڑ میں نشے کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات کے استعمال کو معاشرے میں پھیلی اس برائی کا خاتمہ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کو غائب نہیں ہونے دینگے۔ غیر معیاری ادویات کی روک تھام میں ڈراپ اپنا کردار ادا کرئے گی ۔ ڈراپ افسران اور کراچی میڈیسن مارکیٹ کے عہدہ داران کے اہم اقدامات کے حوالے سے ایک اور میٹنگ ڈراپ آفس میں آئندہ ہفتہ ہو گی ۔ اس موقع پر میڈیسن مارکیٹ کے جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے ڈراپ افسران کی میڈیسن مارکیٹ میں آمد کو خوش آئند قرار دیا جبکہ صدر زبیر میمن نے اتھارٹی افسران کا شکریہ ادا کیا۔