سرمایہ کاری مشاورتی کمیٹی مشاورت اور تعاون کے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، منتہا اشرف

منگل 29 جولائی 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری سے متعلق پالیسی تجاویز کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری مشاورتی کمیٹی قائم کر دی ہے، جس کی قیادت چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) محمد منتہا اشرف کریں گے۔یہ کمیٹی اعلیٰ سرکاری حکام اور صنعتی ماہرین پر مشتمل ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اصلاحات اور مستقبل کی حکمت عملی پر حکومت کو تجاویز پیش کرے گی۔

اس اقدام کا مقصد پنجاب میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہا اشرف کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی مشاورت اور تعاون کے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی تاکہ ہماری پالیسیز وقت کی ضرورت اور سرمایہ کاروں کی توقعات سے ہم آہنگ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور کاروبار میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ ہے۔ واضح رہے کہ سرمایہ کاری مشاورتی کمیٹی کے قیام کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئی قائم کردہ کمیٹی جلد اپنا پہلا اجلاس منعقد کرے گی تاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :