صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہائوس لاہور میں اجلاس کا انعقاد

منگل 29 جولائی 2025 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاوس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیر اعلی کے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے جاری اور نئے منصوبہ جات بارے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی اقدمات باعث زراعت کے شعبے میں خاطر خواہ ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 6لاکھ 28 ہزار کسان کارڈز جاری کئے جا چکے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان کارڈ حکومت پنجاب کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ کسان کارڈ ہولڈرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ کاشتکار بروقت زرعی مداخل کی خرید کر سکیں،کسان کارڈ کے دوسرے مرحلے کے دوران مجموعی رقم 100ارب روپے مختص کئے گئے جس میں سے 84ارب روپے کی رقم کسانوں کو جاری ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کسانوں نے اب تک 45ارب روپے کی رقم استعمال کر لی ہے جن میں سے31 ارب کھادوں کی خریداری پر استعمال ہوا ہے۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ویٹ سپورٹ پروگرام کے تحت 12ارب روپے کی رقم کسانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے،اس پروگرام955 ٹریکٹرز کاشتکاروں میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزیدکہا کہ وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت دوسرے مرحلہ کے لیے درخواستیں ماہ اگست میں لی جائیں گی اور50ہارس پاور سے65 ہارس پاور کے مقامی طور پر تیار کردہ 10 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو 5لاکھ سبسڈی جبکہ 75 ہارس پاور سے 125 ہارس پاورکے 10ہزار لوکل و درآمد کیے گئے ،ٹریکٹرز پر 10لاکھ سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔

اس پروگرام کے تحت تحصیل کی سطح پر قرعہ اندازی کا انعقاد کیا جائے گا۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے سلسلے ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کے دوران پنجاب میں 10 مزید ماڈل ایگری مالز بنائے جائیں گے، زرعی گریجویٹس انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے دوران 2 ہزار مزید زرعی گریجویٹس بھرتی کئے جا رہے ہیں،اس ضمن میں نوجوان زرعی گریجویٹس 8 اگست تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سولرائزیشن آف ایگری ٹیوب ویلز کی زرعی فارموں پر تنصیب کے پروگرام کے تحت 10،15 اور 20 کلو واٹ سولر سسٹم پر بالترتیب5 لاکھ،ساڑھے7 لاکھ اور 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، اس پروگرام کے تحت اب تک 3350 سولر سسٹم انسٹال کر دئیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سپر سیڈرز کی فراہمی کا پہلا اور دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیاہے، رواں سال ماہ ستمبرمیں دھان کی کٹائی سے قبل مجموعی طور پر 5 ہزار سپر سیڈرز کاشتکاروں کو فراہم کر دئیے جائیں گے،ان میں سے 2ہزار سپر سیڈرز کی فراہمی کے لیے ترجیح موٹر وے کے قریب دیہی علاقوں کو دی جائے گی۔

عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ ہائی ٹیک فنانسنگ پروگرام کے تحت اگلے مالی سال میں 11قسم کی جدید نئی مشینری و آلات کاشت کاروں کو سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے،اس پروگرام کے تحت ایک ہزار مشینری و آلات کاشت کاروں کو فراہم کئے جائیں گے،اس پروگرام کے لیے 30ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت سروس پروائیڈرز/کاشت کاروں کو زرعی مشینری کی خرید کیلئے 3کروڑ روپے تک بلا سود قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے،یہ بلاسود قرض سروس پروائیڈرز/کاشتکار 5سال کی مدت میں واپس کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب پانی کی بچت کے منصوبے کے تحت 1400 کھالہ جات کو پختہ کیا جائے گا اور500 لیزر لیولرز موجودہ سال تقسیم کئے جائیں گے جبکہ500 مزید لیزر لیولرز شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے اگلے سال تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ٹرانسفارمیشن آف پوٹھوہار ریجن پروگرام کے تحت 7 ہزار ایکڑ رقبہ قابل کاشت بنایا جائے گا،اس کے علاوہ 500 منی ڈیمز اورکمانڈ ائیر سے متصل250 کھالہ جات بنائے جائیں گے، 6 ہزار ایکڑ پر زیتون کی کاشت کی جائے گی اور2 ہزار ایکڑ رقبہ مونگ پھلی کے بیج و 100 ایکڑ رقبہ پر ادرک کی کاشت کی جائے گی، اس پروگرام کے تحت پوٹھوہار کے علاقہ میں 500 لیزر لینڈ لیولرز بھی دئیے جائیں گے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، انجینئر ساجد حسن،رانا تجمل سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔