ایس ای سی پی نے کارپوریٹ سیکٹر کیلئے سنٹرلائزڈ یو بی او رجسٹری قائم کر دی

منگل 29 جولائی 2025 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پورے کارپوریٹ سیکٹر کے لئے ایک مرکزی الٹیمیٹ بینیفیشل اونرشپ (یو بی او ) رجسٹری قائم کرنے کے لئے کمپنیز ریگولیشنز 2024 میں ضروری ترامیم متعارف کرائی ہیں۔ایس ای سی پی میں قائم کی جانے والی یہ مرکزی یو بی او رجسٹری کمپنیوں کے لئے درست اور تازہ ترین بینیفیشل اونرشپ معلومات کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔

یہ اقدام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف ) اور آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (او ای سی ڈی ) کی سفارشات کے عین مطابق ہے جو پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں شفافیت اور دیانت کو مزید فروغ دے گا۔ترمیم شدہ قواعد و ضوابط کے تحت، کمپنیوں کو اپنی یو بی او معلومات ایس ای سی پی کو جمع کرانا ہوں گی جو پہلے ہی شیئر ہولڈرز سے جمع کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ معلومات ہر مالی سال کے لئے جو 30 جون 2025 کو یا اس کے بعد ختم ہو رہا ہو، ایس ای سی پی کے ای زی فائل (eZfile) پورٹل کے ذریعے، دیگر ریگولیٹری ریٹرنز اور فارمز کے ساتھ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ایک بار دستیاب ہونے کے بعد یو بی او ڈیٹا مالیاتی اداروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے لئے ضرورت کے مطابق قابل رسائی ہوگا۔مرکزی یو بی او رجسٹری کا تعارف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور یہ پاکستان کے کارپوریٹ ریگولیٹری فریم ورک کو بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

توقع ہے کہ ایسے اقدامات ملک کے مالیاتی اور ریگولیٹری ایکو سسٹم میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کریں گے۔ان ترامیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن ایس ای سی پی کی ویب سائٹ www.secp.gov.pk پر دستیاب ہے۔