برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد کی ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ سے ملاقات،صوبہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 29 جولائی 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کےتین رکنی وفد نے ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ کاشف عالم سے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے اُمور بالخصوص صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور اس کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت مسٹر جونتھن ولسن کررہے تھے۔

جبکہ دیگر ارکان میں پیٹر ڈومینک مورسن اور سکاٹ بوچنن شامل تھے۔ ایڈیشنل آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو خیبر پختونخوا کی جانب سے سکیورٹی اقدامات بالخصوص جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔وفد کے ارکان کو مزید بتایا گیا کہ پشاور میں ریڈ زون کے قیام کے ساتھ ساتھ سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح تھانوں کی سطح پر پولیس سہولت مراکزکے قیام سے نہ صرف عوام کے لیے پولیس سہولیات کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں بلکہ پولیس اور عوام کے مابین حائل خلیج دور ہو کر اعتماد کی فضاءبھی قائم ہوئی ہے۔ وفد کے ارکان نے پولیس اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت اُٹھائے گئے سیکیورٹی اقدامات اور پراجیکٹس میں گہری دلچسپی اور اس کو مزید بہتر اور عوامی مفاد میں بنانے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ ڈی آئی جی سکیورٹی ڈاکٹر میاں سعید بھی ملاقات میں موجود تھے۔ایڈیشنل آئی جی پی نے معزز مہمان کو پولیس شیلڈ پیش کیا۔