آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی ویلفیئر کی جانب سے تقریب کا اہتمام

منگل 29 جولائی 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایت پر منگل کو سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ڈی آئی جی ویلفیئر خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پولیس شہداءکے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے آئی جی ویلفیئر ظہور احمد بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ایف آر پی ، سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورس سے تعلق رکھنے والے شہداءکے لواحقین نے شرکت کی ۔

ڈی آئی جی ویلفیئر نے پولیس شہداءک ورثاءسے انفرادی طور پر ملاقات کی ان کے مسائل سنے اور ان کو آئی جی خیبر پختونخوا کی جانب سے تعزیتی خطوط اور فی خاندان 50ہزارروپے کے امدادی چیک اور خصوصی سوئینرز پیش کئے جبکہ شہداءکے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویلفیئر محمد کاشف مشتاق کانجو نے کہاکہ شہداءہمارے ماتھے کا جھومر ہیں شہداءکے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پولیس شہداءکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے شہداءکی بہادری اور قربانیوں کی بدولت آج صوبے میں امن قائم ہے، ان کی قربانیاں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس اپنے ان ہیروز کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔