روس میں 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ، جاپان اور بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ جاری،متعدد افراد زخمی

خوفناک زلزلے کے باعث 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ ، 1952 کے بعد اس علاقے میں سب سے طاقتور زلزلہ ہے، مختلف خطوں میں وارننگز اور انخلا کے احکامات جاری، زلزلے کے باعث کیلی فورنیا، واشنگٹن، ہوائی، الاسکا، چلی، اوریگن کیلئے بھی سونامی وارننگ جاری، مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 جولائی 2025 10:28

روس میں 8.8 شدت کا طاقتور زلزلہ، جاپان اور بحرالکاہل میں سونامی کی وارننگ ..
ماسکو،جاپان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی 2025)روس کے علاقے کامچاٹکا کے قریب سمندر میں آج صبح 8.7 شدت کا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد جاپان، روس، الاسکا، ہوائی اور بحرالکاہل کے مختلف علاقوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، خوفناک زلزلے کے باعث 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں ، زلزلے سے بندرگاہوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ، متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز روس کے کامچٹکا جزیرہ نما میں Petropavlovsk شہر کے مشرق میں تقریباً 136 کلومیٹر کے فاصلے پر 19 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔اس علاقے میں 1952 کے بعد کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔ اس زلزلے نے عمارتوں کو نقصان پہنچایا اور 4 میٹر (13 فٹ) تک بلند سونامی لہریں پیدا کیں جس کے بعد بحر الکاہل کے پار مختلف خطوں میں وارننگز اور انخلا کے احکامات جاری کردئیے گئے۔

(جاری ہے)

زلزلے اور سونامی کے باعث بحرالکاہل کے گرد واقع کئی ممالک میں خطرے کی گھنٹیاں بج گئیں اور انخلا کے احکامات جاری کئے گئے۔خبر رساں ایجنسی ”رائٹرز“ کے مطابق کامچاتکا کے گورنر ولادیمیر سولودوف نے اپنے پیغام میں کہا ’آج کا زلزلہ دہائیوں میں سب سے شدید تھا، صورتحال سنجیدہ ہے۔روسی وزیر کے مطابق زلزلے کے بعد کامچٹکا کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 میٹر اونچی سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔

زلزلے کے باعث چند افراد کے زخمی ہو نے کی بھی اطلاعات  ہیں۔جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 25 منٹ پر آیا۔ ابتدا میں اس کی شدت 8.0 بتائی گئی جو بعد میں بڑھا کر 8.7 کر دی گئی۔زلزلہ جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیدو سے تقریباً 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سمندر میں 19.3 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔جاپانی حکام نے ابتدا میں 1 میٹر اونچی ممکنہ سونامی کی پیش گوئی کی تھی تاہم بعد ازاں اس انتباہ کو اپڈیٹ کرتے ہوئے 3 میٹر بلند لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ بھی خالی کرا لیا گیا۔زلزلے کے باعث کیلی فورنیا، واشنگٹن، ہوائی، الاسکا، چلی، اوریگن کیلئے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی۔سونامی کی لہریں روسی ساحل سے ٹکرا گئیں۔ مشرقی جاپان میں ریلوے سروس معطل کر دی گئی۔ جاپان کے شہر ہوکیڈو میں بھی سونامی کی لہریں آئیں۔ریجنل ایمرجنسی وزیر سرگئی لیبیڈیف نے کہا کہ کمچاتکا کے مختلف حصوں میں 3 سے 4 میٹر (10 سے 13 فٹ) بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئی ہے اور لوگوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی صرف 19.3 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز پیٹرو پاووسک-کمچاتسکی شہر سے 119 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق میں واقع تھا۔ ادارے نے ابتدا میں شدت 8.0 بتائی تھی۔ بعد ازاں اسے 8.8 تک بڑھا دیا جبکہ فوراً بعد 6.9 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔زلزلے کے بعد ہوائی، جاپان، چلی، ایکواڈور، جزائر سلیمان اور امریکا کے مغربی ساحل سمیت کئی علاقوں میں سونامی کی وارننگز جاری کر دی گئیں۔

امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ تین گھنٹوں کے اندر خطرناک لہریں کئی ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ بحرالکاہل میں آنے والے زلزلے کے بعد ہوائی میں سونامی وارننگ جاری ہے۔ امریکہ کی مغربی ساحلی پٹی اور الاسکا بھی خطرے کی زد میں ہیں لوگ محفوظ رہیں۔ہوائی کی ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے فوری طور پر بلند مقامات یا عمارتوں کی چوتھی منزل تک چلے جائیں۔

جاپان اور فلپائن نے بھی ایمرجنسی وارننگ جاری کی ہے جبکہ امریکہ نے کیلی فورنیا، واشنگٹن، اوریگن اور الاسکا ریاستوں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی ہے برٹش کولمبیا کیلئے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ہوائی اڈے کیلئے بھی نیشنل ویدر سروس کے پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زلزلے سے پیدا ہونے والی لہریں ہوائی کے تمام جزائر کو متاثر کر سکتی ہیں۔

الاسکا کے نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے بھی اپنی وارننگ جاری کرتے ہوئے ایلیوشین جزائر، کیلیفورنیا، اوریگن، واشنگٹن اور الاسکا کے ساحلی علاقوں کیلئے ممکنہ خطرے کا اشارہ دیا ہے۔جاپانی حکومت نے ایمرجنسی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے جو صورت حال کی نگرانی اور بروقت ردعمل کیلئے متحرک ہے۔ ماہرین ارضیات کے مطابق چونکہ زلزلے کا مرکز سطح زمین کے نسبتاً قریب تھا، اس لیے سونامی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ہوائی میں بھی ساحلی علاقوں سے انخلا کے احکامات جاری کئے گئے۔ ہونولولو ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خبردار کیا کہ ’فوری اقدام کریں! تباہ کن سونامی کی لہریں متوقع ہیں‘۔ وارننگ میں کہا گیا کہ نشیبی علاقوں کے رہائشی یا تو اونچی زمین کی طرف جائیں یا کسی عمارت کی چوتھی منزل پر پناہ لیں۔