قصور کے بعد ملتان میں بچی سے نازیبا حرکات کا واقعہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ملزم نے سال 2023ء میں اپنے سگے بھائی کو بھی قتل کیا تھا جس کا مقدمہ درج ہے؛ ترجمان سی ٹی دی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 30 جولائی 2025 12:12

قصور کے بعد ملتان میں بچی سے نازیبا حرکات کا واقعہ، ملزم زخمی حالت میں ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر قصور کے بعد ملتان میں بھی بچی سے نازیبا حرکات کا واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ممکنہ طور پر بہن بھائی بچہ اور بچی گلی سے جا رہے ہوتے ہیں کہ اس دوران ان کے قریب سے گزرنے والا ایک شخص جلدی سے آگے بڑھا اور اس نے بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے زبردستی بوس و کنار شروع کردیا، بہن کے ساتھ یہ نازیبا حرکت ہوتی دیکھ کر بچے نے رونا شروع کردیا، جس کے بعد ملزم فوری طور پر وہاں سے فرار ہوگیا جب کہ دونوں بہن بھائی وہیں سہمے کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

 
بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ ملتان کے علاقہ المصطفیٰ کالونی میں پیش آیا اور بچی کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والے ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ترجمان سی سی ڈی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملزم زخمی ہوا جسے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزم نے سال 2023ء میں اپنے سگے بھائی کو بھی قتل کیا تھا جس کا مقدمہ درج ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ایسا ہی ایک واقعہ قصور کے علاقہ کھارہ روڈ شاہ عنایت کالونی میں بھی پیش آیا تھا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا، جس کے نتیجے میں قصور میں بچی کے ساتھ درندگی کی کوشش کرنے والے درندے کو فوری طور پر گرفتار کیا گیا، قصور پولیس نے بتایا کہ بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والا ملزم اپنے پسٹل سے مخصوص اعضا پر فائر لگنے سے زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او قصور نے ایس ایچ او کو 24 گھنٹوں میں ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، اس کے علاوہ ڈی پی او قصور معصوم بچی کے گھر بھی پہنچے جہاں انہوں نے بچی کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور گلدستہ پیش کیا۔