لاہورہائیکورٹ نے این اے 175 میں ضمنی الیکشن شیڈول معطل کردیا

بدھ 30 جولائی 2025 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے نا اہل ہونے والے جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ضمنی الیکشن شیڈول معطل کردیا جبکہ عدالت اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔جیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وکیل صاحب یہ بتائیں کہ آپ نے وکالت نامہ کب سائن کیا، سچ سچ بتائیں کہانی بہت مزے کی ہے، جس پر وکیل جمشید دستی نے کہا کہ میں نے وکالت نامہ تاخیرسے دستخط کیا ہے۔

وکیل اشتیاق چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے پاس ریفرنس آیا جس پر نوٹس ہوا، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی عدالتی ڈیکلیریشن کے کسی کوخود سے نااہل نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن نے بغیر کسی عدالتی ڈیکلیریشن درخواست گزار کونااہل کیا۔عدالت نے ضمنی الیکشن کا شیڈول اورجمشید دستی کے خلاف الیکشن کمیشن کی کاروائی معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کردئیے جبکہ دیگر فریقین کوبھی نوٹس جاری کر دئیے گئے۔