شہر میں صفائی اور سیوریج کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، کمشنرساہیوال

بدھ 30 جولائی 2025 21:54

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے صفائی اور سیوریج کے مسائل اور پسپ منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے فرید ٹاؤن، کوٹ خادم علی، شادمان ٹاؤن، مڈھالی روڈ، جناح چوک،سوڑی گلی، غلہ منڈی اور جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔

انہوں نے موقع پر موجود عوام سے ملاقات کی ان کے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی اور سیوریج کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپروائزرز نیک نیتی سے کام کریں اور صفائی کی شکایات فوری حل کریں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مختلف علاقوں میں خالی پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیر جمع ہونے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خالی پلاٹوں سے کوڑا اٹھا کر مالکان سے چار دیواری کروائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈسپنسری روڈ اور جی ٹی روڈ پر بچھائی گئی سیوریج لائنز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر جاری کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات ختم کی جاسکیں۔ اس موقع پر سٹی مینجر پسپ اسجد علی خان نے پسپ منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ایم ڈی واسا تنویر قیصر، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور سٹی مینجر اسجد علی خان بھی ہمراہ تھے۔