مشیر صحت احتشام علی کا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا دورہ

بدھ 30 جولائی 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ (PGMI) کا دورہ کیا۔اس موقع پرمشیر صحت کو ادارے کے مختلف شعبوں، تربیتی پروگرامز اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ صوبے میں ڈاکٹروں کی مہارت بڑھانے کیلئے PGMI کے تحت 45 مختلف سپیشلائزیشن ڈپلومہ پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں تمام نشستیں پیڈ ہوتی ہیں،ان پروگرامز میں داخلے کے لیے ایٹا کے ذریعے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے اور کامیاب امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں تعینات کیا جاتا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ایف سی پی ایس سپیشلائزیشن کے لیے 800 پیڈ پوسٹوں پر تقرری کے لیے 1100 سے زائد ڈاکٹروں نے ایٹا کے ذریعے کوالیفائی کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان تربیتی ڈاکٹروں کو چار سے پانچ سال تک متعلقہ ہسپتالوں میں تربیت دی جاتی ہے جبکہ ان کی تنخواہیں اور انتظامی امور متعلقہ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کے ایسوسی ایٹ ڈین کے ذمہ ہوتے ہیں۔مشیر صحت نے PGMI کی سکل لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود جدید طبی آلات کا جائزہ لیا۔

انہیں بتایا گیا کہ یہ پاکستان میں کسی بھی سرکاری ادارے کی پہلی سکل لیب ہے جو ڈاکٹروں کی عملی تربیت کے لیے قائم کی گئی ہے۔اس موقع پر مشیر صحت احتشام علی نے کہا کہ صوبے میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے اور PGMI کو مزید مؤثر اور خودمختار ادارہ بنانے کے لیے PGMI ایکٹ پر نظرِ ثانی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے ادارے زیادہ فعال ہوں گے اور بروقت فیصلے کر سکیں گے۔

مشیر صحت نے اداروں میں سزا و جزا کے مؤثر نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ یہ ادارے خود احتسابی کے عمل سے گزرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ قبل ازیں مشیر صحت احتشام علی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پہنچنے پر استقبال کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نور وزیر، ڈپٹی سی ای او ناصر آفریدی اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔