جے یوآئی کے دو مغوی علما، مولانا نثار احمد پہوڑاور مولانا سکندر علی کاکیپوتہ ڈاکوئوں کے چنگل سے بازیاب

جے یو آئی رہنمائوں اور پولیس کی مشترکہ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دونوں علما کو بغیر کسی تاوان کے بازیاب کرالیا گیا،اے جی انصاری

بدھ 30 جولائی 2025 22:00

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)جمعیت علماء السلام (جے یو آئی)کے مغوی علما کرام بازیاب ہوگئے ،آج(جمعرات) امن کانفرنس کا انعقادکیاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام دو مغوی علما، مولانا نثار احمد پہوڑ (جیکب آباد)اور مولانا سکندر علی کاکیپوتہ(شکارپور)ڈاکوئوں کے چنگل سے بازیاب ہوگئے ہیں۔ دونوں علما ڈیڑھ ماہ قبل اغوا ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق مغوی علما کو ڈاکوئوں نے تقریر اور مدرسے کے چندے کے بہانے غوثپور کچے کے علاقے "کالا پانی" بلایا، جہاں چاروں طرف پانی ہے اور وہاں پہنچنے کا کوئی راستہ موجود نہیں۔ اس ویران علاقے میں انہیں قید رکھا گیا تھا۔جے یو آئی سندھ کے پریس سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کے مطابق، جے یو آئی رہنمائوں اور پولیس کی مشترکہ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دونوں علما کو بغیر کسی تاوان کے بازیاب کرالیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے پولیس اور تمام کارکنان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر انصاری نے مزید بتایا کہ اس اہم موقع پر جے یو آئی کی صوبائی قیادت کی ہدایت پر آج(جمعرات)صبح 9 بجے مدرسہ قاسم العلوم جیکب آباد میں ایک "امن کانفرنس" منعقد کی جائے گی، جس میں تمام کارکنان سے بھرپور شرکت کریں۔ ڈاکوئوں سے بازیاب ہونے والے بھی کانفرنس میں موجود ہونگے۔