ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے کامن ویلتھ سیکرٹریٹ اور برٹش ای سپورٹس فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

پاکستان میں ای سپورٹس فیڈریشن ، ایکو سسٹم کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،وفاقی وزیرتعلیم کی ملاقات میں گفتگو

بدھ 30 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ پاکستان میں ای سپورٹس فیڈریشن اور ایکو سسٹم کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،سکولوں اور کالجوں میں اگست سے پائلٹ ای سپورٹس مقابلے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔بدھ کو ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے کامن ویلتھ سیکرٹریٹ اور برٹش ای سپورٹس فیڈریشن کے وفد نے ملاقات کی، جس کا مقصد پاکستان میں قومی سطح پر ای سپورٹس فیڈریشن اور ایک مربوط ایسپورٹس ایکو سسٹم کے قیام پر تبادلہ خیال تھا۔

ملاقات میں برطانیہ میں ای سپورٹس کے تربیتی ماڈیولز اور عالمی سطح کے بہترین تجربات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان میں ای سپورٹس فیڈریشن اور ایکو سسٹم کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت میں ای سپورٹس کی شمولیت نوجوانوں کیلئے ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ والدین کی رہنمائی اور شمولیت کے ساتھ ای سپورٹس کو ایک مثبت اور تعمیری رخ دیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے زور دیا کہ ای سپورٹس کو ایک صحت مند تفریح اور تعلیمی سرگرمی کے طور پر اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کی سطح پر ای سپورٹس نصاب کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں، ڈاکٹر خالد مقبول نے بتایاکہ سکولوں اور کالجوں میں اگست سے پائلٹ ای سپورٹس مقابلے شروع کرنے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی موجودہ ای سپورٹس ٹریننگز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ای سپورٹس نصاب، پالیسی اور روزگار کے مواقع کو آپس میں جوڑنے کے لیے ایک مشترکہ روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا۔برٹش ای سپورٹس فیڈریشن اور کامن ویلتھ سیکرٹریٹ نے پاکستان میں ایسپورٹس کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔