تربت یونیورسٹی کے تعلیمی سفر کا ایک اور سنگ میل، بی ایس کمپیوٹرسائنس پروگرام کو این سی ای اے سی کی منظوری مل گئی

جمعرات 31 جولائی 2025 11:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف تربت کے بی ایس کمپیوٹر سائنس پروگرام کو نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این سی ای اے سی) کی جانب سے باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اہم کامیابی کے ساتھ، یونیورسٹی آف تربت خطے کی واحد یونیورسٹی بن گئی ہے جو این سی ای اے سی سے منظور شدہ کمپیوٹنگ پروگرام پیش کر رہی ہے۔

یہ منظوری یونیورسٹی کے تدریسی معیار، جدید نصاب، ماہر فیکلٹی، اور جدید ترین انفراسٹرکچر کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ یہ کامیابی اس امر کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ یونیورسٹی آف تربت این سی ای اے سی کے وضع کردہ معیارات پر کامیابی سے عمل کر رہی ہے، جو اسے پاکستان میں معیاری کمپیوٹنگ تعلیم فراہم کرنے والے صف اوّل کے اداروں میں شامل کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا ہے کہ این سی ای اے سی کی جانب سے بی ایس کمپیوٹر سائنس پروگرام کی منظوری تربت یونیورسٹی کے تعلیمی سفر میں ایک تاریخی لمحہ ہے۔

یہ ہمارے تعلیمی معیار، تدریسی جدت اور ادارے کی ترقی کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کا ثمر ہے۔ یہ کامیابی ہمارے طلبہ کو بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دنیا میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے درکار مہارتیں فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی کی ساکھ کومزید مستحکم بنانے اور اس ریجن کے طلبہ کے لیے عالمی معیار کی کمپیوٹنگ تعلیم کے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت پرو وائس چانسلر، فیکلٹی ڈینز، رجسٹرار، ڈائریکٹرز، تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے اس کامیابی کے حصول میں فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر نعیم اللہ، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ اور این سی ای اے سی کے فوکل پرسن ڈاکٹر راشد علی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی یونیورسٹی آف تربت کی علمی ساکھ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے، طلبہ کو صنعت سے ہم آہنگ کرنے اور جدید و معیاری تعلیم فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔