پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اعجاز شفیع 15 اجلاسوں کیلئے معطل، نوٹیفکیشن جاری

اعجاز شفیع کے روئیے نے ایوان کی حرمت اور وقار کو مجروح کیا ہے، رکن اسمبلی کے غیر پارلیمانی روئیے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، اعجاز شفیع کے غیر شائستہ الفاظ اور عمل نے ایوان کے نظم و ضبط کو متاثر کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 31 جولائی 2025 12:20

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن اعجاز شفیع  15 اجلاسوں کیلئے معطل، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی 2025)قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ایوان میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے پر اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کو 15 اجلاسوں کیلئے معطل کردیا،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اعجاز شفیع کے غیر شائستہ الفاظ اور عمل نے ایوان کے نظم و ضبط کو متاثر کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رکن اسمبلی کے غیر پارلیمانی روئیے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، اعجاز شفیع کے روئیے نے ایوان کی حرمت اور وقار کو مجروح کیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں رولز معطل کر کے دو مسودات قوانین منظور کر لئے گئے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔سپیکرپنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایوان کی حرمت مقدم ہے اورکسی رکن کواجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ غیرشائستہ زبان استعمال کرے۔

(جاری ہے)

ارکان کو اپنے طرزعمل میں سنجیدگی لانی ہو گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن رکن کے درمیان ہاتھا پائی کے معاملے پر اپوزیشن کے دو رکن خالد نثار ڈوگر اور شیخ امتیاز کو 15 نشستوں کیلئے معطل کردیا گیاتھا۔قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ رولز 210 کے تحت دونوں اراکین کو 15 اجلاسوں کیلئے معطل کرتا ہوں۔

ان کاکہناتھا کہ پنجاب اسمبلی کیا کوئی سبزی منڈی یا کبڈی کا میچ ہے جہاں ایک ممبر دوسرے پر حملہ کردے۔پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے دونوں اپوزیشن ارکان کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق  خالد زبیر نثار اور شیخ امتیاز محمود کو اسمبلی کے 15 اجلاسوں سے معطل کر دیا گیاتھا۔اپوزیشن ارکان کو معطل کرنے پر اپوزیشن ممبران ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تھے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھاکہ خالد زبیر نثار نے ایوان میں محمد حسان ریاض پر حملہ کیا تھا، شیخ امتیاز محمود نے قائم مقام سپیکر کی اتھارٹی کو چیلنج کیا تھا، دونوں اپوزیشن ارکان کو رولز 210 کے تحت معطل کیا گیاتھا۔چیف وہپ ن لیگ رانا محمد ارشد کااس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمارے ممبران کو زد و کوب کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ہم نے اپوزیشن کی پریس کانفرنس سنی تھی۔ یہ لوگ ہم پر حملہ کر رہے تھے۔ ہمارے ممبران پر حملہ کیا گیا توہم اب اسے برداشت نہیں کریں گے۔