حکومت روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کے تمام مواقع بروئے کار لائے گی، وزیراعظم

معیشت مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے، اقتصادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں نجی شعبے کا اہم کردار ہوگا، حالیہ مثبت معاشی رجحان غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا عکاس ہے؛ اجلاس میں اظہارِخیال

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 اکتوبر 2025 11:56

حکومت روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کے تمام مواقع بروئے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کے تمام مواقع بروئے کار لائے گی۔ تفسیلات کے مطابق ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے، اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حالیہ مثبت معاشی رجحان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستانی معیشت میں اعتماد کا عکاس ہے، اقتصادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں نجی شعبے کا اہم کردار ہوگا، حکومت عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کے تمام مواقع بروئے کار لائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف معروف ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل (P&G) نے پاکستان میں آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وہ جیلٹ پاکستان سمیت یہاں اپنے مینوفیکچرنگ اور کمرشل آپریشنز کو ختم کردے گی، کمپنی اس کے بجائے پاکستانی صارفین کی خدمت جاری رکھنے کے لیے تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر ماڈل پر چلے گی، پاکستان میں اس وقت تک معمول کے کاروبار کو جاری رکھا جائے گا جب تک کہ منتقلی مکمل نہیں ہو جاتی، اس عمل میں کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں، تاہم منتقلی کی منصوبہ بندی فوری طور پر شروع ہو جائے گی جس میں بنیادی توجہ اپنے ملازمین کی مدد پر مرکوز ہے، وہ عملہ جن کے کردار متاثر ہوں گے انہیں پاکستان سے باہر کمپنی کے دیگر آپریشنز میں مواقع کے لیے غور کیا جائے گا یا وہ مقامی قوانین اور کمپنی کی پالیسیوں کے مطابق علیحدگی کے پیکج حاصل کریں گے۔

اسی طرح ملک کی بڑی ملز میں سے ایک گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (جی اے ٹی ایم) نے اپنے برآمدی ملبوسات یعنی ایکسپورٹر اپیرل کا شعبہ بند کرنے کا اعلان کردیا، کمپنی کی جانب سے اس فیصلے کی وجہ بڑھتی ہوئی لاگت اور پالیسی تبدیلیوں کے نتیجے میں شعبے کو مسلسل آپریشنل نقصانات بتائی گئی، کمپنی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں اس پیشرفت کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 29 ستمبر 2025ء کو اپنی میٹنگ میں شعبے کے کاروباری آپریشنز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جو شعبے کی کارکردگی اور مستقبل کے امکانات کے جامع اسٹریٹجک جائزے کے بعد کیا گیا، کمپنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ برآمدی ملبوسات کا شعبہ داخلی اور خارجی عوامل کے مجموعے کی وجہ سے مستقل مارجن دباؤ کا شکار رہا، مسلسل چیلنجز میں شدید علاقائی مقابلہ، مضبوط زر مبادلہ کی شرح، حالیہ حکومتی پالیسی تبدیلیاں جیسے ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس میں اضافہ، منتخب شدہ کپڑوں کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور بلند توانائی کے نرخ شامل ہیں۔